دو ماؤں کا بچہ اور ایک ڈرم
دو ماؤں کا بچہ اور ایک ڈرم بچپن میں محلے کی بزرگ خواتین سے اکثر ایک کہاوت سننے کو ملتی تھی کہ "دو ماؤں کا بچہ اکثر بھوکا مرتا ہے " ۔ اس وقت ہم اسے محض ایک گھریلو طعنہ یا ادبی مبالغہ سمجھتے تھے، اور دل ہی دل میں ان کی قدامت پسندی پر مسکراتے تھے۔ پھر ہم نے ڈاکٹری کی تعلیم شروع کر دی، اور یہ سوچ کر سینہ چوڑا کر لیا کہ اب ہم سائنس کی ان بلندیوں کو چھوئیں گے جہاں ان دیسی کہاوتوں کا کوئی گزر نہیں ہوگا۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ ڈاکٹر بننے کے بعد بھی ہمارا وہ پرانا ادبی پہلو مر نہیں سکا اور ہم نے سائنس میں بھی ادب کو ڈھونڈ ہی لیا۔ دماغ کے نوابی محلے علمِ اعصاب کی موٹی کتابوں میں ہمارا سامنا دماغ کے کچھ ایسے 'وی آئی پی' علاقوں سے ہوا جنہیں انگریزی میں 'واٹر شیڈ زونز' کہا جاتا ہے۔ ان کی نوابی کا یہ عالم ہے کہ انہیں خون فراہم کرنے کے لیے ایک نہیں بلکہ دو دو شریانیں مقرر ہوتی ہیں۔ دیکھنے والا رشک کرے گا کہ کیا خوش قسمت علاقے ہیں جنہیں دو دو طرف سے رزق پہنچ رہا ہے۔ مگر جناب، قد...